(ایم
ایس پاکستانی)
تحریک منہاج القرآن کے گوشہ درود کی ماہانہ مجلس ختم الصلٰوۃ علی النبی صلی اللہ
علیہ وآلہ وسلم کا پروگرام 5 جون کو مرکزی سیکرٹریٹ کے سامنے گراؤنڈ میں ہی منعقد ہوا۔
اس کے لیے خوبصورت پنڈال بنایا گیا تھا جہاں برقی قمقے بھی لگائے گئے تھے۔ ماہ جون
کے اس روحانی اجتماع کی صدارت مرکزی امیر تحریک مسکین فیض الرحمن درانی نے کی جبکہ
صوبائی وزیر جیل خانہ جات پنجاب چوہدری عبدالغفور خان مہمان خصوصی تھے۔ منہاج القرآن
انٹرنیشنل سپریم کونسل کے ممبر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری، منہاج القرآن انٹرنیشل
لندن کے صدر علامہ صادق قریشی، برمنگھم سے محمد حنیف، منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ
کانگ کے ڈائریکٹر علامہ نسیم نقشبندی نے بھی اس روحانی اجتماع میں خصوصی شرکت کی۔
ناظم
اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، ناظم امور خارجہ جی ایم ملک، امیر پنجاب احمد نواز انجم،
مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، پروفیسر محمد نواز ظفر، ناظم دعوت علامہ محمد ادریس قادری،
راجہ زاہد محمود، ناظم علماء کونسل لاہور حاجی امداد اللہ خان، علامہ محمد حسین آزاد،
نگران گوشہ درود حاجی محمد سلیم قادری، خادم گوشہ درود حاجی محمد ریاض، ساجد محمود
بھٹی اور دیگر مرکزی قائدین بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ
کی دعوت پر خواتین کی ایک بڑی تعداد بھی پروگرام میں شریک تھی جن کے لیے پنڈال کا الگ
باپردہ حصہ مختص کیا گیا تھا۔
نماز
عشاء کے بعد شب 10 بجے تلاوت کلام پاک سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ اس کے بعد نعت خوانی
کا سلسلہ شروع ہوا۔ کالج آف شریعہ کے وقاص قادری نے پروگرام میں کمپئرنگ کے فرائض ادا
کیے۔ احسن اویس، شکیل احمد طاہر، منہاج نعت کونسل اور کالج آف شریعہ کے شہزاد برادران
نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں مدح سرائی کی۔ ان کے علاوہ دیگر نعت
خواں حضرات نے حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی بارگاہ میں نعت خوانی کا شرف حاصل کیا۔
شہزاد
برادران نے اپنے مخصوص انداز میں گوشہ درود کا درود و سلام پیش کیا۔ اس دوران شرکاء
محفل نے جھوم جھوم کر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ نعت خوانی کا سلسلہ شب 12 بجے تک جاری
رہا۔ اس دوران تحریک منہاج القرآن پنجاب کے امیر علامہ احمد نواز انجم نے گوشہ درود
کے ماہ مئی میں پڑھے جانے والے درود پاک کی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ ماہ مئی
میں گوشہ درود میں پڑھے جانے والے درود پاک کی تعداد 30 کروڑ 28 لاکھ 30 ہزار اور 197
ہے۔ اس کے ساتھ اب تک گوشہ درود کے مجموعی دورد پاک کی تعداد 4 ارب 86 کروڑ 68 لاکھ
1 ہزار اور 972 ہو گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ الحمد اللہ آج گوشہ درود کی صورت میں
تحریک منہاج القرآن اور اس کے وابستگان پر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا خاص کرم
ہے۔ یہاں پڑھا جانے والا درود پاک کوئی انسانی کاوش نہیں بلکہ یہ سب آقا علیہ السلام
کی توجہ سے ہے۔ یہاں اللہ تعالیٰ نے قیامت تک درود پاک پڑھنے والوں کو مقرر کر دیا
ہے۔ دوسری طرف تحریک منہاج القرآن نے اس گوشہ درود کے ذریعے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ
وسلم سے محبت و عشق کا ثبوت دیا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی
میں اس کام کو دنیا بھر میں پھیلایا جا رہا ہے۔
شب
سوا 12 بجے صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کا خطاب شروع ہوا۔ آپ نے درود پاک کے موضوع
پر خطاب کیا۔ آپ نے قرآن پاک کی اس آیت کریمہ کو اپنا موضوع منتخب کیا۔
إِنَّ اللَّهَ وَمَلَائِكَتَهُ يُصَلُّونَ عَلَى النَّبِيِّ
يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا صَلُّوا عَلَيْهِ وَسَلِّمُوا تَسْلِيمًاO
بیشک اللہ اور ا س کے (سب) فرشتے نبیِ (مکرمّ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) پر درود
بھیجتے رہتے ہیں، اے ایمان والو! تم (بھی) اُن پر درود بھیجا کرو اور خوب سلام بھیجا
کروo
آپ
نے لفظ صلٰوۃ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ "صلٰوۃ" کے 70 سے زائد معانی ہیں۔ ان تمام معانی
کا مقصود الٰہی یہ ہے کہ ہر لمحہ اور ہر وقت آقا علیہ السلام کا ذکر کائنات میں بلند
ہوتا رہے۔ آپ نے ایک حدیث پاک بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضرت جبرئیل علیہ السلام نے حضور
صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عرض کی یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ تعالیٰ
آپ کا ذکر کیسے بلند کرتا ہے۔ اس پر یہ آیۃ کریمہ نازل ہوئی
وَرَفَعْنَا لَكَ ذِكْرَكَO
اور ہم نے آپ کی خاطر آپ کا ذکر (اپنے ذکر کے ساتھ ملا کر دنیا و آخرت میں ہر جگہ)
بلند فرما دیاo
انہوں
نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اے بندو جب تم میرا ذکر کرو تو اس کے ساتھ میرے
محبوب کا بھی ذکر کیا کرو۔ اس کے لیے حکم قرآنی ہے۔
مَّنْ يُطِعِ الرَّسُولَ فَقَدْ أَطَاعَ اللّهَ وَمَن
تَوَلَّى فَمَا أَرْسَلْنَاكَ عَلَيْهِمْ حَفِيظًاO
جس نے رسول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا حکم مانا بیشک اس نے اللہ (ہی) کا حکم
مانا، اور جس نے روگردانی کی تو ہم نے آپ کو ان پر نگہبان بنا کر نہیں بھیجاo
قُلْ إِن كُنتُمْ تُحِبُّونَ اللّهَ فَاتَّبِعُونِي يُحْبِبْكُمُ
اللّهُ وَيَغْفِرْ لَكُمْ ذُنُوبَكُمْ وَاللّهُ غَفُورٌ رَّحِيمٌO
(اے حبیب!) آپ فرما دیں: اگر تم اﷲ سے محبت کرتے ہو تو میری پیروی کرو تب اﷲ تمہیں
(اپنا) محبوب بنا لے گا اور تمہارے لئے تمہارے گناہ معاف فرما دے گا، اور اﷲ نہایت
بخشنے والا مہربان ہےo
آپ
نے کہا کہ آج جہاں اللہ کا ذکر ہوتا ہے وہاں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا بھی ذکر
ہو رہا ہے۔ آپ نے کہا کہ صلٰوۃ کا ایک معنی ملانا ہے۔ اگر صلٰوۃ کے تمام مادوں کو دیکھا
جائے تو یہ ملانے کے معنیٰ میں آئے گا۔
نماز کو بھی صلٰوۃ کہتے ہیں۔ صرف اس معنیٰ کو ہی لے لیا جائے تو نماز کے ہر ہر رکن
میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ذکر کو اللہ تعالیٰ سے ملایا جا رہا ہے۔ جب انسان
نماز کے لیے کھڑا ہوتا ہے تو اس کا آغاز اللہ اکبر سے کرتا ہے۔ اس کے کہنے سے تمام
لوگ نماز میں اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں توجہ کر کے گویا اللہ سے مل جاتے ہیں۔ پھر
حمد و ثناء کو جمع کر دیا، سورۃ فاتحہ کو جمع کر دیا، دیگر سورتوں کو جمع کر دیا۔ اس
کے بعد قیام، کلمہ شہادت اور نماز کے آخر میں دعا تک سب میں ملانے مفہوم مشترک ہے۔
اس کے علاوہ اللہ تعالیٰ نے روزے، حج، زکوۃ، صدقات اور دیگر عبادات کو بھی صلٰوۃ میں
جمع کر دیا۔
آپ
نے کہا کہ نماز کے وقت تمام کاروبار بند کر دیئے جاتے ہیں جو مال کی قربانی ہے۔ اس
کو بھی صلٰوۃ کے معنیٰ میں جمع کر دیا کیونکہ اس کا معنیٰ ملانا ہے۔ جب درود و سلام
کو اللہ تعالیٰ نے صلٰوۃ کے معنیٰ میں لیا تو اللہ تعالیٰ نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ
وسلم کو ہمیشہ کے لیے ملا دیا ہے۔ آپ نے کہا کہ صلٰوۃ سے ہر عبادت ایک دوسرے کے قریب
ہو جاتی ہے۔ ایک اور معنیٰ یہ ہے کہ دورد پڑھنے سے امتی اپنے آقا علیہ السلام سے قریب
ہو جاتا ہے۔ آج تحریک منہاج القرآن اس دور میں امت کو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
سے ملا رہی ہے۔ امت کو اپنے آقا علیہ السلام سے قریب کر رہی ہے۔ دنیا کی جو طاقت اس
کو جدا کرنا چاہے کر لے ہم اپنے آقا علیہ السلام کی قربت حاصل کرنے کا فریضہ سر انجام
دے رہے ہیں۔
آپ
نے کہا کہ امام حجر عسقلانی فرماتے ہیں کہ ایک شخص طواف کعبہ کر رہا تھا اور وہ قدم
قدم پر تلبیہ کی بجائے درود پاک پڑھ رہا تھا۔ اس پر کسی نے اس کو کہا اے نوجوان یہ
اللہ کا گھر ہے یہاں پر تو تلبیہ پڑھتے ہیں۔ اس شخص نے جواب دیا کہ مجھے معلوم نہیں
کہ کیا کہاں پڑھا جاتا ہے لیکن اتنا معلوم ہے کہ پچھلے سال میں اپنی والدہ کو حج پر
لایا تو وہ بے ہوش ہو کر گر گئیں۔ اس پر میں نے کہا کہ اے مولا تو اپنے گھر میں آئے
بندوں کے ساتھ ایسا سلوک کرتا ہے۔ جب میں نے یہ شکوہ کیا تو دوسرے ہی لمحے ایک نور
کی روشنی میں ملبوس ایک شخص آیا اور اس نے میری ماں کے چہرے پر ہاتھ پھیرا تو وہ فوراً
صحتیاب ہو گئیں۔ جب وہ نورانی ہستی جانے لگیں تو میں نے کہا کہ اے جانے والے مسیحا
جاتے جاتے کوئی نصحیت ہی کر جائیں۔ تو وہ تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تھے،
انہوں نے نصحیت فرمائی کہ زندگی میں کوئی قدم ایسا نہ اٹھانا جب تو درود پاک نہ پڑھے۔
بس اس وقت کے بعد میں ہر قدم اٹھانے سے قبل درود پاک پڑھ رہا ہوں۔ آپ نے کہا کہ تحریک
کے تمام وابستگان دنیا و آخرت کی کامیابی کے لیے درود پاک کو اپنا وظیفہ بنا لیں۔ جو
شخص جتنا درود پاک پڑھے گا قیامت کے دن وہ اس قدر ہی وہ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ
وسلم کی قربت میں ہوگا۔ یہی کامیابی کی سیڑھی اور تحریک منہاج القرآن کا پیغام ہے۔
آپ کے خطاب کے بعد وزیر جیل خان جات پنجاب چوہدری عبدالغفور نے اظہار خیال کیا۔ انہوں
نے کہا کہ میں خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ اس پاک محفل میں آیا اور یہاں آ کر روحانی
سکون ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ جو سکون تاجدار کائنات کی غلامی میں ہے
وہ وزارتوں میں نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مجھے متعدد بار آقا علیہ السلام کے روضہ اقدس
پر حاضری کا شرف حاصل ہوا۔ اس لیے ہم بھی آپ کے محبان کی غلامی کے دعویدار ہیں۔ آپ
صلی اللہ علیہ والہ وسلم اس کائنات کی روح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے دور حکومت
میں ایسے کام کرنا چاہتے ہیں جس سے محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سرکاری سطح پر
عام ہو جائے۔ اس کے لیے ہماری خواہش ہے کہ پنجاب اسمبلی میں تلاوت قرآن پاک کے بعد
نعت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا بھی اجراء ہو۔ میانوانی جیل میں جہاں عظیم عاشق
رسول غازی علم الدین شہید کو پھانسی دی گئی وہاں جیل میں ہم محفل نعت کا اہتمام کرائیں
گے۔ اس کے علاوہ ملک بھر کی جیلوں میں قیدیوں کی تربیت کے لیے ہم محافل میلاد منعقد
کریں گے۔ انہوں نے کہا ہم اپنے ان امور سے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے در پر اپنی
حاضری لگوانا چاہتے ہیں۔ ہو سکتا ہے یہی ہماری کامیابی بن جائیں۔ پروگرام کے آخر میں
علامہ صادق قریشی نے خصوصی دعا کروائی۔ اس کے بعد تمام مہمانوں کے لیے لنگر کا خصوصی
اہتمام بھی تھا۔