Login اللھم صل علی سیدنا و مولانا محمد و علی آلہ و صحبہ و بارک و سلم Tell A Friend 
Home About us Join us Contact us Gosha-e-durood Gosha-e-durood
Home
About Us
Join Us
News & Events
Articles
Gosha Nasheens
Remote Users
Submit Durood
Statistics
Photo Gallery
Downloads
Write a Review
Contact Us

Total

Durood Sharif
Recited by 18,332,898,278 times.



Hits : 5,501,112

Gosha-e-Durood - ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی (ص) ۔ مئی

ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی (ص) ۔ مئی

(ایم ایس پاکستانی)

تحریک منہاج القرآن کے گوشہ درود کی ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے ماہ مئی کا پروگرام مورخہ یکم مئی کو منعقد ہوا۔ یہ پروگرام تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کے سامنے گراؤنڈ میں ہوا جہاں خوبصورت پنڈال بنایا گیا تھا۔ مرکزی امیر تحریک مسکین فیض الرحمن درانی نے اس روحانی اجتماع کی صدارت کی۔ ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، ناظم امور خارجہ جی ایم ملک، سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک انوار اختر ایڈوکیٹ، امیر پنجاب احمد نواز انجم، امیر گوشہء درود الحاج محمد سلیم شیخ قادری، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، پروفیسر محمد نواز ظفر، ناظم دعوت علامہ محمد ادریس رانا، ناظم علماء کونسل لاہور حاجی امداد اللہ خان، علامہ محمد حسین آزاد، ساجد محمود بھٹی، تنویر احمد خان، خادم گوشہ درود حاجی محمد ریاض، توقیر الحسن گیلانی، پروفیسر ذوالفقار علی اور دیگر مرکزی قائدین بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔ پنڈال کے ایک حصہ میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی دعوت پر خواتین کی ایک بڑی تعداد بھی پروگرام میں موجود تھی۔ گوشہ درود کے گوشہ نشینوں کو پنڈال میں سب سے آگے مخصوص جگہ پر بٹھایا گیا۔

پروگرام کا آغاز نماز عشاء کے بعد ساڑھے 8 بجے ہوا۔ اس موقع پر کالج آف شریعہ کے عبدالحمید اور ان کے بعد ملک کے معروف قاری اللہ بخش نقشبندی نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ کالج آف شریعہ کے محمد عنصر قادری، منہاج نعت کونسل، محمد شہزاد عاشق، شکیل احمد طاہر، محمد افضل نوشاہی اور دیگر نعت خواں حضرات نے آقا صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی بارگاہ میں نعت خوانی کا شرف حاصل کیا۔ محمد افضل نوشاہی نے اپنے مخصوص انداز میں گوشہ درود کا درود و سلام نعتیہ انداز میں پڑھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے عارفانہ کلام بھی پیش کیا۔ اس دوران شرکاء محفل نے ہاتھ ہلا کر اور نعروں سے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

شب گیارہ بجے تک نعت خوانی کا سلسلہ جاری رہا۔ اس کے بعد امیر پنجاب علامہ احمد نواز انجم نے گوشہ درود کے درود پاک کی رپورٹ پیش کی۔ اس کے مطابق ماہ اپریل میں درود پاک کی تعداد 14 کروڑ 99 لاکھ 53 ہزار اور 18 سو ہے۔ دوسری طرف گوشہ درود کا اب تک پڑھا جانے والا درود پاک 4 ارب 56 کروڑ 39 لاکھ 71 ہزار اور 475 ہوگیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ الحمد للہ گوشہ درود کے علاوہ تحریک منہاج القرآن کے دنیا بھر کے مراکز اور اندرون ملک بھی حلقہ درود قائم ہو چکے ہیں۔ ان میں باقاعدگی سے درود پاک پڑھا جا رہا ہے۔ مرکزی گوشہ درود میں دو سال سے درود پاک باقاعدگی سے پڑھا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ یہ دنیا کی واحد جگہ ہے جہاں بغیر کسی وقفہ کے درود پاک پڑھنے کے علاوہ روزانہ ایک قرآن پاک کی تلاوت بھی کی جاتی ہے۔ اس کا سارا کریڈٹ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کو جاتا ہے جنہوں نے عشق رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو عام کرنے کے لیے یہ عظیم کام کیا۔

مرکزی ناظم دعوت علامہ محمد ادریس رانا نے مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے شرکاء سے خطاب کیا۔ انہوں نے قرآن پاک کی اس آیت کریمہ کو موضوع بنایا:

أَوَ مَن كَانَ مَيْتًا فَأَحْيَيْنَاهُ وَجَعَلْنَا لَهُ نُورًا يَمْشِي بِهِ فِي النَّاسِ كَمَن مَّثَلُهُ فِي الظُّلُمَاتِ لَيْسَ بِخَارِجٍ مِّنْهَا كَذَلِكَ زُيِّنَ لِلْكَافِرِينَ مَا كَانُواْ يَعْمَلُونَO

(الانعام : 122)

بھلا وہ شخص جو مُردہ (یعنی ایمان سے محروم) تھا پھر ہم نے اسے (ہدایت کی بدولت) زندہ کیا اور ہم نے اس کے لئے (ایمان و معرفت کا) نور پیدا فرما دیا (اب) وہ اس کے ذریعے (بقیہ) لوگوں میں (بھی روشنی پھیلانے کے لئے) چلتا ہے اس شخص کی مانند ہو سکتا ہے جس کا حال یہ ہو کہ (وہ جہالت اور گمراہی کے) اندھیروں میں (اس طرح گھِرا) پڑا ہے کہ اس سے نکل ہی نہیں سکتا۔ اسی طرح کافروں کے لئے ان کے وہ اعمال (ان کی نظروں میں) خوش نما دکھائے جاتے ہیں جو وہ انجام دیتے رہتے ہیںo

آپ نے کہا کہ اس آیت کریمہ میں پانچ انسانی طبقات کا ذکر ہے۔ مردہ سے مراد وہ شخص جو زندہ ہے اور معاشرے میں زندگی گزار رہا ہے لیکن اس نے نہ معرفت الٰہی حاصل کی اور نہ ہی محبت رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم میں فنا ہوا۔

قرآن نے ان لوگوں کو ہی گونگے بہرے اور اندھے قرار دیا ہے۔ آپ نے کہا کہ اسلام حقیقت میں اس کو نصیب ہوتا ہے جو مکمل طور پر دائرہ اسلام میں داخل ہو جائے اور جو دائرہ اسلام میں آتے ہیں وہ مکمل طور پر احکام الٰہی و احکام رسول پر عمل کرتے ہیں۔ اس طرح نور بھی ان کو حاصل ہوتا ہے جو اپنے آپ کو فنا فی اللہ اور فنا فی الرسول کرتے ہیں۔ اس کی مثال اس طرح ہی ہے جیسے دودھ کو میلے کچیلے برتن میں نہیں ڈالتے، صاف ستھرے برتن میں ڈالتے ہیں اسی طرح اللہ تعالیٰ اپنی ہدایت کے نور کو پاکیزہ سینوں میں ڈالتا ہے۔

آپ نے اولیاء اللہ کے حوالے سے کہا کہ حضور غوث الاعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا فرمان ہے کہ "میرا قدم ہر ولی کی گردن پر ہے۔"

جب یہ بات خراسان کے جنگل میں حضرت خواجہ معین الدین رحمۃ اللہ علیہ نے سنی تو آپ نے ادب سے سر جھکا کر کہا کہ یا غوث پاک آپ کا قدم میری گردن پر ہی نہیں بلکہ میرے سر پر بھی ہے۔ اس پر حضور غوث الاعظم نے فرمایا کہ ایک ولی ایسا بھی ہے جس نے ہماری آواز پر لیبک کہا ہے اور اس کو ہم اجمیر کی حکمرانی دے رہے ہیں۔ اس کے بعد معین الدین خواجہ معین الدین چشتی اجمیری بن گئے۔ یہ ان کے ادب اور حضور غوث الاعظم رضیٰ اللہ تعالیٰ عنہ سے عقیدت اور محبت کا نتیجہ ہے کہ آج دنیا ان کے گن گا رہی ہے۔

آپ نے کہا کہ آج اس دور میں ہمیں دین اسلام کو سائنسی بنیادوں پر فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ الحمد للہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اس دور میں دنیا کے سامنے دین کو اس طرح پیش کیا کہ آج ہر کوئی کشاں کشاں اسلام اور منہاج القرآن کا رخ کر رہا ہے۔ اسی تناظر میں محبت رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو عام کرنے کے لیے تحریک منہاج القرآن نے گوشہ درود کی بنیاد رکھی۔ شیخ الاسلام نے حلقہ ہائے درود و سلام کے قیام سے گوشہ درود کے اس پیغام کو دنیا بھر میں عام کیا۔ آج ملک کے علاوہ بیرون ممالک اور بالخصوص یورپ میں اسلام کی طرف نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد راغب ہو رہی ہے۔ ہمیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے لگائے ہوئے اس پودے کے ثمرات کو سمیٹنا ہو گا۔ درود و سلام کے پیغام کے ذریعے دنیا کو امن کا گہوارا بنانا ہوگا۔

رانا محمد ادریس کے خطاب کے بعد شب ساڑھے 12 بجے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے خصوصی ٹیلی فونک دعا کروائی۔ پروگرام کے اختتام پر تمام مہمانوں کے لیے لنگر کا خصوصی اہتمام بھی تھا۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض محمد وقاص قادری نے سرانجام دیئے۔

 

         
 
Copyright © 2006 - 2010, Minhaj Internet Bureau, Lahore PK
Developed by Abdul Sattar Minhajian & Shahzad Ahmed +92(300)7903199