رپورٹ : ایم ایس پاکستانی
تحریک منہاج القرآن کے گوشہء درود کی ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ
والہ وسلم 3 مئی کو منعقد ہوئی۔ یہ پروگرام تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔
امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمن درانی، ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، مفتی
عبدالقیوم خان ہزاروی، ناظم امور خارجہ جی ایم ملک، گوشہء درود کے خدام حاجی محمد
سلیم قادری، حاجی محمد ریاض، امیر پنجاب احمد نواز انجم، امیر لاہور ذوالفقار احمد،
علامہ نور الزمان نوری، شکیل احمد طاہر۔ توقیر شاہ گیلانی، سجادالعزیز قادری، محمد سرور
صدیق اور دیگر علماء و مشائخ اسٹیج پر مہمانوں میں شامل تھے۔
اس پروگرام کا آغاز شب 9
بجے ہوا۔ اس موقع پر قاری عبد الباسط نے تلاوت قرآن پاک کی۔ کالج آف شریعہ کے سید
عبدالرؤف، ضیاء الحق اویسی نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پڑھی۔ اس کے بعد بلالی برادران نے اپنے مخصوص
انداز میں عارفانہ کلام اور عربی میں نعتوں کے علاوہ شیخ الاسلام کا نعتیہ کلام بھی
پڑھا۔ شکیل احمد طاہر اور محمد سرور صدیق نے اپنے مخصوص انداز میں گوشہ درود و سلام
کا منتخب درود پاک اور نعت خوانی کی۔ اس موقع پر حاضرین نے جھوم جھوم کر اپنے جذبات
کا اظہار کیا۔
مرکزی ناظم تنظیمات پنجاب علامہ احمد نواز انجم نے گوشہ درود کی
ماہانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ماہ اپریل میں گوشہ درود میں پڑھے جانیوالے اور
دنیا بھر سے لوگوں کی طرف سے موصول ہونے والے درود پاک کی تعداد 11 کروڑ 22 لاکھ 95
ہزار اور 238 ہے۔ اس طرح گوشہ درود کے مجموعی درود پاک کی تعداد ایک ارب 24 کروڑ 81
لاکھ 24 ہزار 913 ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا گوشہ درود جہاں امت کی روحانی
بیماریوں کی شفاء کا مرکز ہے اس طرح یہ جسمانی بیماریوں کے علاج کا بھی مرکز بن گیا
ہے۔ صرف درود پاک کے پانی سے سینکٹروں مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ اس سلسلے کو مزید
بہتر بنانے کے لیے اب گوشہ درود کا بابرکت پانی ہر روز عصر تا مغرب تحریک کے مرکزی
سیکرٹریٹ میں لوگوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ اس پانی کے حصول کے لیے لوگوں کو اب
گوشہ درود میں پانی رکھنے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ اب ہر روز یہ پانی دستیاب ہو گا۔
محفل کے اختتام پر الطاف بردران نے نعت خوانی کی انہوں نے اپنے مخصوص انداز میں
حاضرین محفل میں ایک روحانی رنگ بھر دیا۔ شب سا ڑھے 12 بجے امیر تحریک مسکین فیض
الرحمن درانی نے اختتامی دعا کرائی۔