(ایم ایس پاکستانی)
تحریک منہاج القرآن کے گوشہ درود کی ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ
علیہ والہ وسلم مورخہ 2 اگست مرکزی سیکرٹریٹ کے سامنے گراؤنڈ میں منعقد ہوئی۔ اس پروگرام
میں امیر تحریک مسکین فیض الرحمن درانی، ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، نائب ناظم
اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، پرنسپل سیکرٹری ٹو شیخ الاسلام اور ناظم امور خارجہ جی ایم ملک،
مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، زندہ پیر غالب لاہوری، گوشہ درود
کے امیر الحاج محمد سلیم شیخ، انچارج گوشہ درود حاجی ریاض احمد، شمیم احمد نمبردار،
ڈاکٹر شاہد محمود، حاجی الیاس احمد قادری، علامہ امداد اللہ خان، پروفیسر ذوالفقار
علی، جاوید اقبال قادری، سید توقیر الحسن شاہ گیلانی اور دیگر مہمان بھی یہاں موجود
تھے۔
مجلس کا باقاعدہ آغاز نماز عشاء کے بعد تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ کالج آف شریعہ اینڈ
اسلامک سائنسز کے طالب علم ضیاء الحق نے پروگرام میں نعت خوانی کا آغاز کیا۔ ان کے
بعد شکیل احمد طاہر اور بلالی بردران، الطاف بردران اور منہاج نعت کونسل نے اپنے مخصوص
انداز میں نعت خوانی کی۔ منہاج نعت کونسل نے دف کے ساتھ نعت خوانی کی جس میں صاحبزادہ
حسین محی الدین قادری کا کلام پڑھا۔ اس دوران حاضرین نے جھوم جھوم کر بحضور سرور کونین
صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
شب سوا 11 بجے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا بیرون ملک سے ٹیلی فونک خطاب
شروع ہوا۔ اس موقع پر آپ نے حقیقت محمدی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے موضوع پر خطاب
کیا۔ آپ نے کہا کہ نسبت محمدی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی پختگی اور معرفت کے لیے حقیقت
محمدی صلی اللہ علیہ والہ وسلم تک رسائی حاصل کرنا ضروری ہے۔ اس حوالے سے حضور صلی
اللہ علیہ وسلم کا تصور ہمیں اپنے دل و دماغ میں پختہ کرنا ہو گا۔ یہ تصور آقا علیہ
السلام سے کسی بھی نسبت کا ہو سکتا ہے۔ آپ نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم
سے تعلق اور محبت و عشق کے لیے آپ کے حسن سراپا کو اپنے تصور میں پختہ کرنا چاہیے۔
جن لوگوں کو یہ میسر نہیں تو وہ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی کالی کملی کا تصور اپنی
آنکھوں میں باندھ لیں۔ جن کے لئے یہ کام بھی مشکل ہے تو وہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
کی قبر انور کا خیال پختہ کریں۔ اس حوالے سے آپ نے مزید کہا کہ جس شخص نے آقا علیہ
السلام کی قبر انور کی زیارت کی تو وہ یہ مت کہے کہ میں نے حضور صلی اللہ علیہ والہ
وسلم کی قبر انور کی زیارت کی بلکہ اس نے آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی زیارت کی کیونکہ
آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم قبر انور میں بھی حیات ہیں۔ اس موقع پر آپ نے امام مالک
رحمۃ اللہ علیہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فرمایا تم میں سے جب بھی کوئی زیارتِ
قبر انور کرے تو یہ مت کہے کہ میں نے قبر انور کو دیکھا بلکہ وہ یہ کہے کہ میں نے حضور
صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی زیارت کی کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم قبر مبارک
میں حیات ہیں۔
حقیقت محمدی صلی اللہ علیہ والہ وسلم صرف اللہ تعالی ہی جانتا ہے۔ اس طرح جس انسان
کو آقا علیہ السلام کی معرفت اور استحضار جتنا نصیب ہے تو وہ اس قدر ہی آپ صلی اللہ
علیہ والہ وسلم کو پہچانتا ہے۔ اس معرفت کے سفر کو تیز ترین طے کرنےکا سب سے بہتر طریقہ
درود و سلام ہے۔ منہاج القرآن کا گوشہ درود دنیا کو آقا علیہ السلام کی معرفت کا درس
دے رہا ہے۔ اس کے ذریعے مخلوق کو حقیقت محمدیہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی معراج تک
لے جایا جا رہا ہے۔
شیخ الاسلام کا یہ خطاب لاہور کے علاوہ گوجرانولہ، سیالکوٹ اور چند دوسرے شہروں
میں بذریعہ ٹیلی فون سنایا گیا۔ آپ کے خطاب کے بعد محمد افضل نوشاہی نے ذکر کیساتھ
عارفانہ کلام پیش کیا۔ پروگرام کے اختتام پر ناظم منہاج القرآن علماء کونسل سید فرحت
حسین شاہ نے خصوصی دعا کروائی۔ اس پروگرام کی کپئرنگ کے فرائض وقاص قادری نے سرانجام
دئیے۔